ویب ڈیسک: پاکستان شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی سابقہ اداکارہ اریج فاطمہ نے حجاب لینے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔
ان کے اس فیصلے کو سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل موصول ہو رہا ہے، جہاں ایک طرف ان کے فیصلے کو سراہا جا رہا ہے، وہیں دوسری جانب انہیں تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔اریج فاطمہ، جو 2017 میں شادی کے بندھن میں بندھنے کے بعد 2019 میں شوبز سے ریٹائر ہو گئیں اور اپنے شوہر کے ہمراہ بیرون ملک منتقل ہوئیں، اب اپنی نئی روحانی سمت کے بارے میں سوشل میڈیا پر متحرک ہیں۔انہوں نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے بتایا کہ:"میں نے اپنی زندگی میں ایک بڑی تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے، اور وہ ہے حجاب۔"تاہم ان کے اس اقدام پر انہیں منفی پیغامات کا سامنا ہے۔ انہوں نے اپنی ویڈیو میں کہا کہ کچھ لوگوں نے ان کے حجاب پہننے پر ناپسندیدہ مشورے اور فیصلے دینا شروع کر دیے ہیں۔
اریج فاطمہ نے ناقدین کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا:"جب سے میں نے حجاب میں اپنی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرنا شروع کی ہیں، کچھ لوگ یہ سمجھنے لگے ہیں کہ میرے بارے میں فیصلہ کرنا ان کا کام ہے۔ لیکن میں نے یہ فیصلہ اللہ کی رضا کے لیے کیا ہے، نہ کہ کسی کے مشورے یا منظوری کے لیے۔"انہوں نے مزید کہا کہ وہ آئندہ بھی وہی کریں گی جو ان کے دل کو درست لگے گا اور اللہ کی ہدایت پر عمل کریں گی۔ان کی اس بہادری اور صاف گوئی کو ان کے کئی مداحوں کی جانب سے سراہا بھی جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر متعدد صارفین نے ان کے فیصلے کو "حوصلہ افزا" قرار دیا اور انہیں "مثبت تبدیلی کی علامت" کہا۔