پاکستانی نژاد سابق اداکارہ اریج فاطمہ نے حال ہی میں اپنے حجاب پر ہونے والی تنقید پر ناقدین کو دوٹوک جواب دیا اور کہا کہ لوگ غیر ضروری مشوروں سے باز رہیں۔
اریج فاطمہ، جنہوں نے تیرے لیے، حسد، یارِ بے وفا، ایک پل، ہدایت اور عشق پرست جیسے مقبول ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے، شادی کے بعد شوبز انڈسٹری سے کنارہ کش ہو کر امریکا میں اپنے شوہر اور دو بیٹوں کے ساتھ پرسکون زندگی گزار رہی ہیں۔ وہ سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے مداحوں سے رابطے میں رہتی ہیں اور زندگی کے اہم لمحات شیئر کرتی رہتی ہیں۔چند ماہ قبل اریج فاطمہ نے اعلان کیا تھا کہ وہ اب حجاب لیتی ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے اپنی کینسر سے صحت یابی کے بارے میں بھی مداحوں کو بتایا تھا، جس پر شائقین نے ان کے حوصلے اور روحانی سفر کو سراہا تھا۔تاہم حال ہی میں اداکارہ نے انکشاف کیا کہ حجاب لینے کے بعد انہیں غیر ضروری تنقید اور نصیحتوں کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا،“بہت سے لوگ کہتے ہیں میں اپنی اسٹوریز پر کچھ نیا پوسٹ کروں، لیکن سچ یہ ہے کہ زندگی میں کچھ خاص نیا نہیں ہو رہا۔ جیسے ہی میں نے دوبارہ سوشل میڈیا استعمال کرنا اور سر ڈھانپنا شروع کیا، لوگوں کو لگا جیسے انہیں مجھے گائیڈ کرنے کا لائسنس مل گیا ہے۔”
اریج نے مزید کہا،“جب میں عام لڑکیوں کی طرح حجاب نہیں لیتی تھی تو زندگی آسان تھی، لیکن اب جب میں نے حجاب لینا شروع کیا ہے تو لوگ پیغامات بھیج کر بتاتے ہیں کہ حجاب کے ساتھ کیا کرنا چاہیے اور کیا نہیں۔ یہ میرا ذاتی سفر ہے، براہ کرم غیر ضروری مشورے دینا بند کریں۔”اداکارہ کی یہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر کئی خواتین نے ان کی حمایت میں آواز بلند کی۔ متعدد خواتین نے کہا کہ انہیں بھی حجاب اختیار کرنے کے بعد اسی طرح کے غیر ضروری تبصروں اور تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔