ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی لاہور پہنچ گئے، مزارِ اقبال اور دربار بی بی پاکدامن پر حاضری

ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی لاہور پہنچ گئے، مزارِ اقبال اور دربار بی بی پاکدامن پر حاضری

لاہور: ایران کے وزیر داخلہ سکندر مومنی سرکاری دورے پر لاہور پہنچ گئے، جہاں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

لاہور ایئرپورٹ پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی ایرانی وزیر داخلہ کے استقبال کے لیے موجود تھے۔لاہور پہنچنے کے بعد ایرانی وزیر داخلہ نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور گورنر پنجاب کے ہمراہ مزارِ علامہ محمد اقبال پر حاضری دی، جہاں انہوں نے شاعرِ مشرق کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر ایرانی وزیر داخلہ نے پاکستان، ایران اور پورے خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔

بعد ازاں سکندر مومنی نے دربار حضرت بی بی پاکدامنؓ پر بھی حاضری دی، جہاں انہوں نے دعا کی اور عقیدت کا اظہار کیا۔ایرانی وزیر داخلہ کے دورۂ لاہور کو دونوں برادر ممالک کے درمیان قریبی تعلقات، باہمی تعاون اور مذہبی و ثقافتی روابط کے فروغ کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ دورے کے دوران دوطرفہ امور اور مشترکہ دلچسپی کے مختلف شعبوں پر بھی تبادلۂ خیال متوقع ہے۔