اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے اپنے دو روزہ دورۂ پاکستان کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ہمراہ لاہور میں مزارِ اقبال پر حاضری دی۔
حضوری باغ پہنچنے پر ایرانی صدر، ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور وفد کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ لاہور ایئرپورٹ سے مزارِ اقبال تک اہم شاہراہوں کو خیرمقدمی بینرز اور پاکستان و ایران کے پرچموں سے سجایا گیا تھا۔مزارِ اقبال پر صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ زاہد بخاری، صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرت اور خطیب بادشاہی مسجد مولانا عبدالخبیر آزاد نے ایرانی صدر کا استقبال کیا۔ پنجاب رینجرز کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔صدر مسعود پزشکیان نے مزارِ اقبال پر پھول رکھے اور شاعرِ مشرق کو خراجِ عقیدت پیش کیا، جس کے بعد مولانا عبدالخبیر آزاد نے فاتحہ خوانی اور دعا کرائی۔ ایرانی صدر نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔