لاہور: 79 ویں یوم آزادی کے موقع پر شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبالؒ کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی ایک پروقار اور شاندار تقریب منعقد ہوئی، جس میں رینجرز کی جگہ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔
تقریب کا آغاز رینجرز اور پاک فوج کے دستوں کی طرف سے مزارِ اقبال پر سلامی پیش کرنے سے ہوا، جبکہ گارڈز کی تبدیلی کی رسمی کارروائی انتہائی وقار، ترتیب اور فوجی اعزاز کے ساتھ انجام دی گئی۔تقریب میں طلبہ، شہری، مختلف مکاتب فکر کے افراد اور سیاحوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے نہ صرف قومی پرچم تھام کر حب الوطنی کا مظاہرہ کیا بلکہ پاک فوج کے دستے کی مہارت اور پیشہ ورانہ صلاحیت پر بھی خراج تحسین پیش کیا۔
گارڈز کی تبدیلی کے بعد ملک و قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جبکہ شہریوں نے مزار پر فاتحہ خوانی کی اور پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے دعائیں مانگیں۔چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا خبیرآزاد نے مزار اقبال پر ملکی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی، جبکہ پنجاب کے وزراء نے بھی فاتحہ خوانی کی اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے دعائیں کیں۔تقریب میں امن، یکجہتی اور حب الوطنی کے جذبات واضح طور پر دیکھنے کو ملے اور شرکاء نے یوم آزادی کے موقع پر ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے اپنی دعاؤں کا اظہار کیا۔