لاہور: وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کے بیانات پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں معلوم ہے کہ پیپلز پارٹی کو پنجاب سے کیوں بغض اور نفرت ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب کے عوام کا پیسہ انہی کی فلاح و بہبود پر خرچ ہو رہا ہے، اور یہی بات پیپلز پارٹی کے لیے مسئلہ بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاڑکانہ کے نوابوں کو پنجاب کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی۔انہوں نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نفرت اور تقسیم کی سیاست انہیں زیب نہیں دیتی۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو ایک بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ ہیں، اس لیے انہیں اپنے عہدے اور ذمہ داری کا خیال رکھنا چاہیے۔وزیرِ اطلاعات پنجاب نے کہا کہ سندھ حکومت کے ترجمان کبھی اپنی حکومت کی کارکردگی پر بات نہیں کرتے، جبکہ پنجاب میں عوامی منصوبوں اور ترقیاتی کاموں پر توجہ دی جا رہی ہے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے وسائل کو اٹک سے رحیم یار خان اور راولپنڈی سے وہاڑی تک پہنچایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کی ترقی اور خوش حالی سے حسد کرنے والے کرتے رہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر پیپلز پارٹی پنجاب میں چوتھے نمبر کی سیاسی جماعت ہے تو اس میں مسلم لیگ (ن) کا کوئی قصور نہیں، پنجاب کے عوام مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ جب کراچی کے میئر مرتضیٰ وہاب لاہور میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے آئے تو پنجاب حکومت نے ان کے لیے اپنے دروازے کھول دیے، کیونکہ پنجاب چاہتا ہے کہ سندھ سمیت پورے ملک میں ترقی اور خوش حالی ہو۔انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، لیکن عوامی خدمت اور ترقی کے منصوبوں کو ترجیح دینی چاہیے۔