وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ جب بھی پیپلز پارٹی سے اس کی کارکردگی کے بارے میں سوال کیا جاتا ہے تو وہ جواب دینے کے بجائے اسے چھپانے کی کوشش کرتی ہے۔
اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی نے کراچی کے شہریوں کو ٹینکر مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ رکھا ہے، جبکہ وفاقی حکومت کے خلاف بے بنیاد بیانیہ بنایا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سیلاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے عوام سے امداد جمع کرنے کا مشورہ دیا تھا، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبائی وسائل سے متاثرین کی مدد کے لیے اقدامات کیے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ اس موقع پر وفاقی حکومت کی جانب سے کوئی تعاون نہیں ملا۔عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ سیاسی بیان بازی میں کمی دونوں جانب سے آنی چاہیے۔ ان کے مطابق اگر دوسری طرف سے سیاسی درجۂ حرارت کم ہوگا تو ان کی جماعت کی جانب سے بھی ماحول کو بہتر بنانے کی کوشش کی جائے گی۔
انہوں نے سندھ کے صحت کے نظام پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر صوبے کے اسپتال اتنے معیاری ہیں تو وہاں کے وزرا بیرونِ ملک علاج کروانے کیوں جاتے ہیں۔وزیرِ اطلاعات پنجاب نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز جنوبی پنجاب کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہیں۔ ان کے مطابق پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کا معاملہ سیاسی طور پر اٹھاتی ہے، جبکہ سندھ میں انتظامی یونٹس کے قیام کے معاملے پر مختلف مؤقف اختیار کرتی ہے۔