اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ پر حوثی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں اپنے برادر ملک سعودی عرب اور اس کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ شہری بنیادی ڈھانچے اور معاشی تنصیبات کو نشانہ بنانے کے لیے کی جانے والی جارحانہ کارروائیاں کسی صورت قابل قبول نہیں ہیں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کے غیر ذمہ دارانہ اقدامات نہ صرف خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں بلکہ علاقائی صورتحال کو مزید کشیدہ بھی کرسکتے ہیں۔شہباز شریف نے واضح کیا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے حق کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کو اپنے شہریوں اور ملک میں مقیم دیگر افراد کی حفاظت کے لیے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔وزیراعظم نے اپنے پیغام میں سعودی عرب اور اس کے عوام کے ساتھ پاکستان کی غیرمتزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں دیرپا امن و استحکام کے قیام کے لیے کی جانے والی تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔