وزیراعظم کی سعودی ایئرپورٹس پر حوثی حملوں کی مذمت، سعودی عرب سے اظہارِ یکجہتی

وزیراعظم کی سعودی ایئرپورٹس پر حوثی حملوں کی مذمت، سعودی عرب سے اظہارِ یکجہتی

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے ریاض اور ابہا ایئرپورٹس پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

 وزیراعظم نے حملوں میں جانی نقصان اور متعدد افراد کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سعودی عرب کی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب کے خلاف حوثی ملیشیا کے مسلسل حملوں کے نتیجے میں شہریوں کی جانیں ضائع ہوئیں جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔ انہوں نے ان حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں اپنے برادر ملک سعودی عرب کی قیادت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔وزیراعظم نے بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں تباہ کرنے پر سعودی مسلح افواج اور اتحادی اتحاد کی مستعدی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بھی سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ معصوم شہریوں کی جانوں کے تحفظ اور مملکت کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے سعودی افواج کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات اور اسٹریٹجک شراکت داری مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں۔

 انہوں نے مکہ میں طے پانے والے مشترکہ دفاعی معاہدے اور اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے حالیہ فیصلوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔وزیراعظم نے سعودی عرب کے اپنے عوام، شہروں اور اہم تنصیبات کے دفاع کے جائز حق کی مکمل حمایت کا اظہار کرتے ہوئے حوثی ملیشیا سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر حملے بند کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے سعودی عرب کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا رہے گا اور مملکت کو درپیش خطرات کے مقابلے میں اس کی حمایت جاری رکھے گا۔