اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب میں شہری اور توانائی کی تنصیبات کو نشانہ بنانے والے حوثی حملوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔
اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حملوں کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ پاکستان خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی عرب کے برادر عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ اس نوعیت کے بزدلانہ اور مذموم حملے نہ صرف بے گناہ انسانی جانوں کے لیے خطرہ ہیں بلکہ خطے کے امن و سلامتی کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔وزیراعظم نے سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے حملوں میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔