کراچی کے علاقے گلشنِ معمار عمر بروہی گوٹھ میں ڈاکٹر آکاش قتل کیس میں گرفتار تین مبینہ ڈاکو اپنے ہی فرار ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (SIU) کی ٹیم ملزمان کی نشاندہی پر ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے کارروائی کر رہی تھی۔اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کے مطابق گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر پولیس ٹیم نے فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا تو وہاں موجود ملزمان نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا۔پولیس حکام کے مطابق کارروائی کے دوران گرفتار تینوں ملزمان بھی موقع پر موجود تھے۔ ان کے فرار ساتھیوں کی فائرنگ کے نتیجے میں گرفتار ملزمان سریش، رام چند اور انیل شدید زخمی ہو گئے، جبکہ حملہ آور ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔پولیس کے مطابق زخمی ملزمان کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے تینوں ملزمان کو ساؤتھ زون پولیس اور اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے مشترکہ کارروائی کے دوران گرفتار کیا تھا، جبکہ ان کے دیگر تین ساتھی، جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے، تاحال فرار ہیں۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر آکاش کو 13 جولائی کو کراچی کے علاقے کلفٹن میں بینک کے باہر ڈکیتی کی واردات کے دوران قتل کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے بینک سے نکلنے والے ڈاکٹر آکاش سے مبینہ طور پر 25 لاکھ روپے لوٹنے کے بعد فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہو گئے تھے۔واقعے کے بعد پولیس نے تحقیقات کا آغاز کیا اور مشترکہ کارروائی کے ذریعے تین مبینہ ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔ حکام کے مطابق فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کی جانب سے مختلف مقامات پر چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔