اسلام آباد میں ڈائریکٹر لینڈ احسان الٰہی کے قتل کیس سے متعلق ایک اہم پیشرفت ہے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق، تھانہ نون کے علاقے میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران اس قتل میں ملوث دو ملزمان , عابد یاسین اور ابرار خان , اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ یہ وہی ملزمان تھے جنہوں نے چند روز قبل بلیو ایریا میں اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر ڈائریکٹر لینڈ احسان الٰہی کو قتل اور قیصر اشفاق کو زخمی کیا تھا۔ واقعے کے بعد ملزمان روپوش تھے اور ان کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیمیں مسلسل سرگرم تھیں۔
ملزمان کو تھانہ نون کے علاقے میں چیکنگ کے دوران گرفتار کیا گیا۔گرفتاری کے وقت ملزمان نے پولیس پر فائرنگ بھی کی، تاہم پولیس اہلکار محفوظ رہے۔پولیس نے حکمت عملی کے تحت دونوں کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کیا۔بعد ازاں پولیس ٹیمیں دونوں گرفتار ملزمان کو ان کی نشاندہی پر دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے لے جارہی تھیں کہ نامعلوم سمت سے فائرنگ شروع ہوگئی۔فائرنگ رکنے کے بعد جب سرچ آپریشن کیا گیا تو دونوں گرفتار ملزمان مردہ حالت میں پائے گئے۔پولیس کے مطابق دونوں کی لاشوں کو پوسٹمارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ دیگر مفرور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔یہ واقعہ اس ہائی پروفائل قتل کیس میں ایک اہم موڑ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، اور پولیس کی طرف سے مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ فائرنگ کرنے والے مفرور ملزمان کہاں چھپے ہیں۔