پنجاب کے وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات نے سرکاری اسکولوں میں بطور استاد پڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ستمبر کے پہلے ہفتے سے لاہور کے مختلف اسکولوں میں کلاسز لینا شروع کریں گے۔
اپنے بیان میں رانا سکندر حیات نے کہا کہ ان کے پسندیدہ مضامین انگلش اور کیمسٹری ہیں، اس لیے وہ تدریس کا آغاز انہی مضامین سے کریں گے۔ ان کے مطابق پرائمری اسکولوں میں انگلش جبکہ ہائی اسکولوں میں کیمسٹری پڑھائیں گے، تاہم ضرورت پڑنے پر دیگر مضامین کی تدریس بھی کریں گے۔وزیرِ تعلیم نے بتایا کہ وہ ہر ہفتے کسی ایک سرکاری اسکول کا بغیر پیشگی اطلاع دورہ کریں گے اور طلبہ کو خود پڑھائیں گے تاکہ تعلیمی ماحول اور تدریسی معیار کا براہِ راست جائزہ لے سکیں۔رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ وہ اساتذہ کے پیشے کا بے حد احترام کرتے ہیں اور بطور استاد کلاس روم میں جانے کو اپنے لیے باعثِ فخر سمجھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد صرف تدریس نہیں بلکہ سرکاری اسکولوں میں تعلیمی معیار، تدریسی طریقہ کار اور طلبہ کی ضروریات کا عملی مشاہدہ کرنا بھی ہے، تاکہ نظامِ تعلیم میں موجود کمزوریوں کی نشاندہی کر کے انہیں دور کیا جا سکے۔وزیرِ تعلیم نے امید ظاہر کی کہ ان کی یہ کاوش اساتذہ اور طلبہ کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانے اور صوبے میں تعلیم کے معیار کو مزید بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔