ایک عورت کے تعلیم حاصل کرنے سے پورا معاشرہ تعلیم یافتہ ہوتا ہے:شازیہ مری

 ایک عورت کے تعلیم حاصل کرنے سے پورا معاشرہ تعلیم یافتہ ہوتا ہے:شازیہ مری

شازیہ مری نے عالمی یومِ خواتین کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ خواتین نہ صرف سیاست میں بلکہ تعلیم اور دیگر شعبوں میں بھی تبدیلی لا رہی ہیں اور معاشرے کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔

 ان کا کہنا تھا کہ جب ایک عورت تعلیم حاصل کرتی ہے تو پورا خاندان اور معاشرہ تعلیم یافتہ بنتا ہے۔شازیہ مری نے کہا کہ عالمی یومِ خواتین کا مقصد خواتین کی معاشرتی صلاحیتوں کو تسلیم کرنا ہے اور اس سال خواتین کے حقوق اور مواقع تک مساوی رسائی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی خواتین نے مختلف شعبوں میں ثابت قدمی، بہادری اور قیادت کا مظاہرہ کیا ہے، اور ان کی ترقی ہماری قومی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ خواتین کو مساوی حقوق اور مواقع فراہم کرنے سے معاشرے میں خوشحالی، امن اور پائیداری آتی ہے۔ شازیہ مری نے کہا کہ خواتین کے تحفظ، تعلیم اور معاشی آزادی کے لیے بہتر پالیسیاں مرتب کرنے کی ضرورت ہے، اور اس کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

شازیہ مری نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستانی معاشی ترقی کے لیے خواتین کی لیبر فورس میں شراکت داری بڑھانی چاہیے، کیونکہ بہت سی خواتین کو کام کرنے کے لیے سازگار ماحول نہیں ملتا۔ صنفی بنیادوں پر تشدد، امتیازی سلوک اور معاشی عدم مساوات کا خاتمہ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی قوم اس وقت تک کامیاب نہیں ہو سکتی جب تک اس کی نصف آبادی پیچھے رہ جائے۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں مضبوط قوانین، مساوی تنخواہیں، لڑکیوں کی تعلیم اور صنفی تشدد کے خاتمے کا مطالبہ کرنا ہوگا۔ شازیہ مری نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حقیقی برابری کے لیے پورے معاشرے کو کردار ادا کرنا ہوگا، اور مردوں کو خواتین کے شانہ بشانہ کھڑا ہونا چاہیے۔