ہفتے میں 3 دن اسکول بند رکھنے کی تجویز، رانا سکندر حیات نے مخالفت کردی

ہفتے میں 3 دن اسکول بند رکھنے کی تجویز، رانا سکندر حیات نے مخالفت کردی

لاہور: پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے ہفتے میں 3 دن اسکول بند رکھنے کی تجویز کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمعہ کے روز اسکول بند رکھنے سے ایندھن یا دیگر اخراجات میں خاطر خواہ بچت نہیں ہوگی۔

ایک انٹرویو میں رانا سکندر حیات نے کہا کہ بطور وزیر تعلیم پنجاب ان کے سامنے تاحال اسکول 3 دن بند رکھنے سے متعلق کوئی باضابطہ تجویز نہیں آئی۔صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ وفاقی حکومت سے بھی درخواست ہے کہ تعلیم کے شعبے کو ایسی پابندیوں سے مستثنیٰ رکھا جائے اور اسکول معمول کے مطابق جاری رہنے چاہییں۔رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ جمعہ کے روز اسکول بند رکھنے سے ڈیزل یا دیگر اخراجات میں کوئی خاص بچت نہیں ہوگی، کیونکہ سرکاری اسکولوں کے تقریباً 90 فیصد بچے پیدل اسکول جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نجی اسکولوں کے تقریباً 90 فیصد طلبہ بھی پیدل اسکول جاتے ہیں، اس لیے اسکول بند رکھنے سے ایندھن کی بچت کا مطلوبہ مقصد حاصل نہیں ہوگا۔پنجاب کے وزیر تعلیم نے زور دیا کہ تعلیمی اداروں کو ایسی پابندیوں سے مستثنیٰ قرار دیا جائے اور اسکول ہفتے کے تمام مقررہ تدریسی دنوں میں معمول کے مطابق جاری رہیں۔