لاہور(کرائم رپورٹر)شاد باغ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل چوری میں ملوث ملزم کو واردات کے ایک گھنٹے کے اندر گرفتار کرکے مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کر لی۔پولیس کے مطابق شہری کی جانب سے ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دی گئی کہ اس کی جمع پونجی سے خریدی گئی موٹر سائیکل چوری ہو گئی ہے۔ اطلاع ملتے ہی شاد باغ پولیس کے اے ایس آئی غضنفر نے فوری طور پر سیفٹی کیمروں کی مدد سے ملزم کا سراغ لگایا اور مختصر وقت میں اسے موٹر سائیکل سمیت گرفتار کر لیا۔ایس پی سٹی عاطف امیر نے شاد باغ پولیس ٹیم کی بروقت اور مؤثر کارروائی کو سراہتے ہوئے اہلکاروں کو شاباش دی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی فوری کاوش سے ایک غریب شہری کی پریشانی خوشی میں بدل گئی۔برآمد ہونے والی موٹر سائیکل مالک کے حوالے کر دی گئی، جس پر شہری نے شاد باغ پولیس کا شکریہ ادا کیا۔ایس پی سٹی عاطف امیر کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ گرفتار ملزم نشے کی لت پوری کرنے کے لیے موٹر سائیکلیں چوری کرتا تھا۔ مزید تفتیش کے لیے ملزم کو انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں کے انسداد کے لیے پولیس کڑی نگرانی اور مؤثر حکمت عملی پر عمل پیرا ہے