لاہور(کرائم رپورٹر) شاد باغ کے علاقے میں دو سگے بھائیوں پر فائرنگ کرنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم سبحان نے دبئی سے آئے ایک شہری کے گھر پر پہنچ کر دو سگے بھائیوں پر سیدھی فائرنگ کی اور موقع سے فرار ہو گیا۔ واقعے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم سبحان کو فائرنگ کرتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او شاد باغ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا۔ ایس پی سٹی عاطف امیر کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ واقعے کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی بالادستی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور علاقے میں بدمعاشی یا شہریوں پر تشدد کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔