پیشہ ور گداگروں، سہولت کاروں کے خلاف شکنجہ

رواں سال شہر بھر میں انسدادِ گداگری مہم کے دوران 755 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہ :سی سی پی اوبلال صدیق کمیانہ
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس نے پیشہ ور گداگروں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن مزید تیز کرتے ہوئے حالیہ کارروائیوں میں 80 پیشہ ور گداگروں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کر لیے ہیں۔ترجمان لاہور پولیس کے مطابق رواں سال شہر بھر میں انسدادِ گداگری مہم کے دوران اب تک 755 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ گرفتار ملزمان میں 748 مرد، 6 خواتین اور ایک سہولت کار شامل ہے۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت میں پیشہ ور گداگری کے خاتمے کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں اور گداگری کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کو اس سماجی برائی سے پاک کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔سی سی پی او نے کہا کہ معصوم بچوں کے ہاتھوں سے قلم چھین کر انہیں بھیک مانگنے پر مجبور کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا رہا ہے۔ انہوں نے گداگر مافیا اور ان کے ٹھیکیداروں کے گرد گھیرا مزید تنگ کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔بلال صدیق کمیانہ نے ٹریفک پولیس کو اہم شاہراہوں، چوراہوں اور ٹریفک سگنلز پر پیشہ ور گداگروں کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے جدید کیمرہ نیٹ ورک کی مدد سے پیشہ ور گداگروں کی مسلسل نگرانی کی جائے تاکہ گداگری کے منظم نیٹ ورک کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔