جرائم پیشہ گداگروں کے خلاف شکنجہ

لاہور(کرائم رپورٹر) لاہور پولیس نے رواں سال عادی اور جرائم پیشہ گداگروں کے خلاف کریک ڈاؤن میں 3324ملزمان کو گرفتار کر کے 3266مقدمات کا اندراج کیا ہے۔یہ بات ترجمان لاہور پولیس نے گزشتہ روز  یہاں جاری اپنے بیان میں کہی۔ ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں 3216مرد، 99خواتین اور09سہولت کار شامل ہیں۔ سٹی ڈویڑن سے 840، کینٹ میں 359، سول لائنز میں 342، صدرمیں 676، اقبال ٹاؤن میں 415 اور ماڈل ٹاؤن ڈویڑن میں 634ملزمان گرفتارکئے گئے ہیں۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت میں گداگرمافیاکے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔انہوں نے بچوں اور عورتوں کو ڈھال بنا کر بھیک منگوانے والے پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے افسران کو چائلڈ پروٹیکشن بیورواور سوشل ویلفیئر کے اشتراک سے پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف آپریشنزمیں تیزی لانے کی ہدایات جاری کیں۔ سی سی پی او لاہور نے کہا کہ پولیس ٹیمیں عوامی مقامات اور مارکیٹوں میں پیشہ ور گداگروں کے خلاف کارروائی یقینی بنائیں اور گداگروں کے ہینڈلرزکے گردگھیرا تنگ کیا جائے۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ ٹریفک پولیس اہم شاہراؤں اور سگنلز پر بھکاری مافیا کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری رکھے۔انہوں نے مزید کہا کہ گداگری ایک سماجی لعنت ہے۔ شہری پیشہ ور گداگروں کی حوصلہ شکنی کریں اوران سے متعلق 15پر اطلاع دیں۔