بچے چائلڈ پروٹیکشن کے حوالے، 99 بھکاری گرفتار ، خواتین، مرد، بچے اور دیگر افراد شامل تھے: سی ٹی اوسید عبدالرحیم شیرازی
لاہور(کرائم رپورٹر)چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کی ہدایت پر شہر بھر کے ٹریفک سگنلز پر پیشہ ور گداگروں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران 99 بھکاریوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق انسپکٹر فہمیدہ ذیشان کی سربراہی میں قائم بیگرز ٹیم نے مختلف شاہراہوں اور ٹریفک سگنلز پر کارروائیاں کرتے ہوئے گداگروں کو تحویل میں لیا۔ گرفتار افراد میں خواتین، مرد، بچے اور دیگر افراد شامل تھے۔ترجمان نے بتایا کہ گرفتار بھکاریوں کو قانونی کارروائی کے لیے سوشل ویلفیئر، ایدھی ہومز جبکہ لاوارث بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ نادرا کے تعاون سے گرفتار افراد کا بائیو میٹرک اور ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے، جبکہ متعلقہ قوانین کے تحت مقدمات کے اندراج کا عمل بھی جاری ہے۔سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے ہدایت کی ہے کہ شہر کے کسی بھی ٹریفک سگنل پر کوئی بچہ، بزرگ، خاتون، خواجہ سرا یا معذوری کی آڑ میں بھیک مانگنے والا نظر نہیں آنا چاہیے۔ انہوں نے سیف سٹی ٹریفک مانیٹرنگ ٹیموں کو بھی ہدایت کی کہ وہ لمحہ بہ لمحہ فیلڈ اسٹاف کو صورتحال سے آگاہ رکھیں۔انہوں نے کہا کہ گداگری کے خلاف مؤثر آپریشن کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور ان کی سہولت کے لیے بڑی بسیں بھی فراہم کر دی گئی ہیں۔ رات کے وقت ٹریفک سگنلز سے چھیڑ چھاڑ کرنے والے عناصر کی تلاش بھی جاری ہے۔سی ٹی او لاہور کا کہنا تھا کہ پیشہ ور گداگر عوام کی ہمدردی حاصل کرنے کے لیے جعلی معذوری کا سہارا لیتے ہیں، جبکہ ان کی سرگرمیوں سے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے بلکہ حادثات کے امکانات بھی بڑھ جاتے
ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی کریں اور ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون کریں تاکہ شہر میں ٹریفک کی روانی اور امن و امان کو بہتر بنایا جا سکے۔