110 گداگرگرفتار، بچوں سے بھیک منگوانے والوں کے خلاف بلاامتیاز ایکشن لیا جائے گا:سی سی پی او بلال
لاہور(کرائم رپورٹر)یکم رمضان المبارک سے اب تک گداگری ایکٹ کے تحت 110 گداگروں کو گرفتار کر لیا گیا۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق گداگر مافیا کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی ہدایت پر انسدادِ گداگری مہم کے تحت شہر بھر میں کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو گداگروں کے سہولت کاروں کے خلاف بھی سخت کارروائی کرنے کا حکم دیا ہے۔سی سی پی او لاہور نے کہا ہے کہ بچوں سے بھیک منگوانے والے پیشہ ور گداگروں کے خلاف بلاامتیاز ایکشن لیا جائے جبکہ کمسن گداگروں کی بحالی کے لیے چائلڈ پروٹیکشن بیورو اور محکمہ سوشل ویلفیئر کے پلیٹ فارم کو مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں کی مدد سے سڑکوں اور چوراہوں پر پیشہ ور گداگروں کو ٹریس کیا جائے، جبکہ ٹریفک پولیس کو اہم شاہراہوں اور سگنلز پر گداگر مافیا کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر بنانے کی تاکید کی گئی ہے۔