کویت سٹی: کویت نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے ایرانی ڈرون حملوں کا بروقت جواب دیتے ہوئے متعدد ڈرونز کو روکنے اور ناکام بنانے کے لیے کارروائی کی ہے۔
حکام کے مطابق یہ اقدامات ایران کی جانب سے مبینہ جارحیت کے بعد کیے گئے۔کویتی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ملک کا فضائی دفاعی نظام مکمل طور پر متحرک ہے اور فضائی حدود کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ بیان کے مطابق دشمن ڈرونز کو روکنے اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے دفاعی کارروائیاں جاری ہیں۔فوج نے واضح کیا کہ ملک کے مختلف علاقوں میں سنی جانے والی دھماکوں کی آوازیں دراصل فضائی دفاعی نظام کی جانب سے حملہ آور ڈرونز کو نشانہ بنانے کے نتیجے میں آئیں، اور شہریوں کو اس حوالے سے تشویش میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں۔کویتی فوجی حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر مصدقہ اطلاعات اور افواہوں پر کان نہ دھریں، صرف سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی معلومات پر اعتماد کریں اور اپنی حفاظت کے لیے متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔
حکام نے حملوں کی نوعیت، ڈرونز کی تعداد، ممکنہ نقصان یا کسی جانی نقصان کے حوالے سے فوری طور پر مزید تفصیلات جاری نہیں کیں، تاہم بتایا گیا ہے کہ سیکیورٹی ادارے صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔کویت کی جانب سے یہ دعویٰ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث خطے میں سیکیورٹی خدشات میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔