منامہ: بحرین کی دفاعی افواج نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک کے فضائی دفاعی نظام نے ایران کی جانب سے کیے گئے فضائی حملوں کو کامیابی سے روک لیا ہے، جبکہ بحرینی وزارتِ داخلہ نے شہریوں اور رہائشیوں کو ممکنہ خطرے کے پیش نظر دو مرتبہ ہنگامی انتباہات جاری کیے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق بحرین کی دفاعی افواج نے اپنے بیان میں ایران پر ملک کو مسلسل نشانہ بنانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ تہران کا طرزِ عمل منظم اور مسلسل دشمنی پر مبنی ہے۔ بحرینی حکام کے مطابق فضائی دفاعی نظام نے حملوں کو روکنے کے لیے کارروائی کی۔بحرین خطے میں امریکی فوجی سرگرمیوں کے حوالے سے اہم حیثیت رکھتا ہے، جہاں امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کا ہیڈکوارٹر بھی قائم ہے۔ اس تناظر میں ملک کی فضائی حدود اور دفاعی تنصیبات کی سکیورٹی کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔بحرین کی وزارتِ داخلہ نے بدھ کے روز شہریوں اور رہائشیوں کو دو مرتبہ خطرے سے متعلق الرٹ جاری کیے۔ ان انتباہات میں لوگوں کو قریبی محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی۔ بعد ازاں وزارتِ داخلہ نے دونوں مرتبہ خطرہ ٹلنے کا اعلان کرتے ہوئے شہریوں کو معمول کی سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت دے دی۔
دوسری جانب کویتی فوج نے بھی بدھ کی صبح اپنے فضائی دفاعی نظام کی جانب سے مشتبہ دشمن ڈرون حملوں کا مقابلہ کرنے کی اطلاع دی۔ فوج کے بیان میں بتایا گیا کہ فضائی دفاعی نظام نے کارروائی کی، تاہم ممکنہ حملوں کی تعداد، نشانہ بننے والے مقامات یا کسی جانی و مالی نقصان سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔بحرین اور کویت میں دفاعی نظام کی یہ کارروائیاں ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب خلیجی خطے میں ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی برقرار ہے اور مختلف ممالک اپنی فضائی حدود اور اہم تنصیبات کی حفاظت کے لیے ہائی الرٹ ہیں۔