ایران کا کویت میں امریکی فوجی اڈے پر پیٹریاٹ دفاعی نظام کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

ایران کا کویت میں امریکی فوجی اڈے پر پیٹریاٹ دفاعی نظام کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

تہران: ایران کی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے جنگی اور خودکش ڈرونز نے کویت میں واقع علی السالم ایئر بیس پر موجود امریکی فوجی سازوسامان کو نشانہ بنایا ہے۔

 ایرانی فوج کے مطابق حملے میں امریکی پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام سمیت ڈرون اور میزائل لانچ کرنے والے پلیٹ فارمز کو ہدف بنایا گیا۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایرانی فوج کا یہ بیان سرکاری ٹیلی ویژن آئی آر آئی بی کے ذریعے نشر کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بدھ کی صبح سویرے ایرانی فوج کے جنگی اور خودکش ڈرونز نے کویت کے علی السالم ایئر بیس پر کارروائی کی۔ایرانی فوج کے مطابق حملے کا بنیادی ہدف امریکی فوج کا پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام تھا، جبکہ ڈرونز اور میزائل داغنے کے لیے استعمال ہونے والے لانچنگ پلیٹ فارمز کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ ایران کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی امریکی فوجی تنصیبات کے خلاف کی گئی۔تاہم ایرانی فوج نے اپنے بیان میں حملے کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

یہ بھی واضح نہیں کیا گیا کہ پیٹریاٹ دفاعی نظام کو کتنا نقصان پہنچا اور آیا حملے میں کوئی امریکی فوجی ہلاک یا زخمی ہوا ہے۔دوسری جانب امریکی اور کویتی حکام کی جانب سے تاحال ایرانی فوج کے اس دعوے کی تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔ آزاد ذرائع سے بھی حملے اور اس کے نقصانات کی تفصیلات کی تصدیق نہیں ہوسکی۔واضح رہے کہ کویت میں واقع علی السالم ایئر بیس ایک اہم فوجی تنصیب ہے جہاں امریکی فوجی اہلکار بھی تعینات ہیں۔ یہ اڈہ خطے میں امریکی فوجی سرگرمیوں اور آپریشنل معاونت کے حوالے سے اہمیت رکھتا ہے۔