قشم جزیرے کے قریب مزید دو امریکی ڈرونز ناکارہ بنانے کا ایرانی دعویٰ، مجموعی تعداد چھ ہوگئی

قشم جزیرے کے قریب مزید دو امریکی ڈرونز ناکارہ بنانے کا ایرانی دعویٰ، مجموعی تعداد چھ ہوگئی

تہران: ایران نے اپنے جنوبی ساحل کے قریب قشم جزیرے کے علاقے میں مزید دو امریکی ڈرونز ناکارہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

 ایرانی حکام کے مطابق ان ڈرونز کو الیکٹرانک وارفیئر کے ذریعے غیر مؤثر بنایا گیا۔ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے پریس ٹی وی کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان نے بتایا کہ حالیہ کارروائی میں ناکارہ بنائے گئے ڈرونز پانچویں اور چھٹے امریکی ڈرونز ہیں۔ ترجمان کے بقول، اس طرح ایرانی فورسز کے قبضے میں آنے والے امریکی MQM-170 ڈرونز کی مجموعی تعداد چھ ہوگئی ہے۔پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ایرانی فوج نے الیکٹرانک وارفیئر کی مدد سے ان ڈرونز کا کنٹرول حاصل کیا اور انہیں ناکارہ بنا دیا۔ تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ڈرونز کو کس مقام پر اور کس طریقہ کار کے تحت کنٹرول میں لیا گیا۔

دوسری جانب امریکی حکام کی جانب سے ایرانی دعوے کی تاحال تصدیق نہیں کی گئی اور نہ ہی اس واقعے کے حوالے سے کوئی تفصیلی مؤقف سامنے آیا ہے۔قشم جزیرہ ایران کے جنوبی ساحل کے قریب خلیج فارس میں واقع ہے اور اہم بحری راستوں کے نزدیک ہونے کے باعث تزویراتی اہمیت رکھتا ہے۔ امریکی ڈرونز سے متعلق ایرانی دعویٰ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں فوجی کشیدگی اور سکیورٹی صورتحال پر مسلسل توجہ مرکوز ہے۔