شہر کا موسم گرم، بارش کی پیشگوئی برقرار — اسلام آباد و شمالی علاقوں میں موسم خوشگوار

شہر کا موسم گرم، بارش کی پیشگوئی برقرار — اسلام آباد و شمالی علاقوں میں موسم خوشگوار

گزشتہ رات آندھی اور تیز ہواؤں کے بعد شہر کا موسم آج صبح دوبارہ گرم ہو گیا ہے۔ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ 42 اور کم سے کم 32 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 46 فیصد ہے، جس کے باعث حبس میں اضافہ محسوس کیا جا رہا ہے۔شہر میں 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ دن بھر جاری رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے 16 جون تک شہر میں بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، جس سے آئندہ دنوں میں درجہ حرارت میں کمی کی امید کی جا رہی ہے۔

ملک کے دیگر علاقوں میں بارش، موسم خوشگوار
ملک کے شمالی اور وسطی علاقوں میں گزشتہ روز ہونے والی بارشوں اور تیز ہواؤں نے موسم کو خوشگوار بنا دیا ہے۔
اسلام آباد میں ہلکی بارش کے باعث گرمی کی شدت میں کمی آئی ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں بھی ابرِ رحمت نے ماحول کو معطر کر دیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق:

مالم جبہ: 10 ملی میٹر بارش
کالام: 8 ملی میٹر
چترال: 3 ملی میٹر
جبکہ پنجاب کے بعض حصوں، مری اور کشمیر کے علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جو عید تعطیلات کے دوران موسم کو مزید خوشگوار بنا سکتی ہے۔

 محکمہ موسمیات کی ہدایات
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ گرمی اور حبس کے باعث پانی کا استعمال زیادہ کریں، دھوپ میں نکلتے وقت احتیاطی تدابیر اختیار کریں، اور بارش کے دوران کمزور انفرا اسٹرکچر والے علاقوں میں محتاط رہیں۔