پاکستان اور ایران کا دہشتگردی، منشیات ‘ انسانی سمگلنگ کیخلاف تعاون بڑھانے پر اتفاق

ایران کے وزیر داخلہ سکندر مومنی کا وزارت داخلہ کا دورہ ،  وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے  خیرمقدم کیا، فیڈرل کانسٹیبلری کے  دستے نے ایرانی وزیر داخلہ کو سلامی پیش کی
محسن نقوی اور سکندر مومنی کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات، پاکستان ایران کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے لئے مکمل طور پر تیار ہے:محسن نقوی 
ایران کے وزیر داخلہ کا این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمر جنسیز آپریشن سینٹر کا دورہ‘ آفات سے نمٹنے کے شعبے میں تعاون اور تجربات کا تبادلہ  اجتماعی استعداد کار کو  مضبوط بنائے گا:سکندرمومنی
اسلام آباد(آئی این پی‘آن لائن )پاکستان اور ایران نے غیر قانونی امیگریشن اور انسانی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے  تعاون کو مزید فروغ دینے پر  اتفاق کیا ہے ۔ایران کے وزیر داخلہ سکندر مومنی نے اسلام آباد میں وزارت داخلہ کا دورہ کیا، جہاں وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا، فیڈرل کانسٹیبلری کے چاق و چوبند دستے نے ایرانی وزیر داخلہ کو سلامی پیش کی۔اس موقع پر ایرانی وفد کے اراکین کا وزیر داخلہ محسن نقوی جبکہ پاکستانی وزارت داخلہ کے ذیلی اداروں کے سربراہان کا ایرانی وزیر داخلہ سے تعارف کرایا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی کی ملاقات ہوئی، جس کے بعد وفود کی سطح پر بھی مذاکرات کیے گئے، دونوں وزرائے داخلہ نے دوطرفہ تعلقات اور باہمی تجارت کو مزید مستحکم بنانے کا عزم کیا، جبکہ علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں انسداد دہشت گردی اور انسداد منشیات کے شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا، دونوں ممالک نے غیر قانونی امیگریشن اور انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لئے  تعاون کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔اس موقع پر محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان ایران کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لئے  تیار ہے‘دریں اثناء  ایران کے وزیر داخلہ  سکندر مومنی نے  وفد کے ساتھ  این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمر جنسیز آپریشن سینٹر کا دورہ کیا۔چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے وفد کا این ای او سی میں خیر مقدم کیا۔وفد کو این ڈی ایم اے کے جدید ڈیزاسٹر مینجمنٹ نظام، پیشگی انتباہی نظام اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔سکندر مومنی نے آفات سے نمٹنے اور پیشگی تیاریوں کے شعبے میں این ڈی ایم اے پاکستان کی نمایاں پیش رفت کو سراہا۔ایران نے ابتدائی وارننگ سسٹمز، پیشگی آفات سے نمٹنے کی حکمت عملی، ادارہ جاتی ہم آہنگی اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں پاکستان کے تجربات سے استفادہ کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ایران کے وزیرِ داخلہ اسکندر مومنی نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان آفات سے نمٹنے کے شعبے میں تعاون اور تجربات کا تبادلہ خطے کی اجتماعی استعداد کار کو مزید مضبوط بنائے گا۔