پاکستان اور برطانیہ کا انسدادِ دہشتگردی و منشیات میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

وفاقی وزیر داخلہ سے  یو کے کی نیشنل کرائم ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل کی  ملاقات  ، بچوں کی آن لائن ہراسانی روکنے کیلئے تعاون بڑھانے کافیصلہ
اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان اور برطانیہ کے مابین انسداد دہشت گردی اور منشیات میں   تعاون بڑھانے پر اتفاق  ہوگیا  ۔یہ اتفاق رائے  وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی سے یو کے کی نیشنل کرائم ایجنسی(این سی اے) کے ڈائریکٹر جنرل گرائم بیگر  کی  ملاقات  میں طے پایا، جس میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ، نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا، ڈی جی این سی سی آئی اے، ڈی جی نیشنل فرانزک ایجنسی، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد پولیس بھی موجود تھے۔ملاقات میں انسدادِ دہشت گردی، منشیات، انسانی سمگلنگ، فرانزک، امیگریشن اور پولیس ٹریننگ کے شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں فریقین نے اتفاق کیا کہ انسدادِ منشیات اور این سی سی آئی اے سمیت مختلف اداروں کے افسران کیلئے تربیتی کورسز کے دائرہ کار کو مزید وسعت دی جائے گی۔ملاقات میں بچوں کی آن لائن ہراسانی کے سدباب کیلئے موثر اشتراک کار اور کوآرڈینیشن بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔فریقین نے ایکسٹراڈیشن کے معاملات میں دوطرفہ معاونت کے فروغ پر اتفاق کیا، جبکہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ایکسٹراڈیشن اور دیگر شعبوں میں تعاون سے متعلق پانچ ایم او یوز کو جلد حتمی شکل دینے کا فیصلہ کیا گیا