پاکستان اور برطانیہ کے درمیان سکیورٹی و انسداد دہشتگردی تعاون بڑھانے پر اتفاق

طلال چودھری اور برطانوی عہدیدار کی ملاقات، خطے کی صورتحال اور باہمی تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال
 پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات باہمی اعتماد اور مؤثر شراکت داری پر مبنی ہیں:  وزیر مملکت برائے داخلہ
 اسلام آباد (آن لائن)  وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری سے برطانیہ کے ڈائریکٹر جنرل (پولیٹیکل) ایڈورڈ للیولین نے اہم ملاقات کی، جس میں پاک۔برطانیہ تعلقات، خطے کی مجموعی صورتحال اور سیکیورٹی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں وفاقی سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا  ، برطانوی ہائی کمشنر  جین میرٹ  اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔فریقین نے اپسکیل پروگرام، منی لانڈرنگ، منظم جرائم اور انسدادِ دہشتگردی کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا، جبکہ منشیات کی روک تھام اور سیکیورٹی تعاون کو مزید مؤثر بنانے پر بھی گفتگو کی گئی۔اس موقع پر طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات باہمی اعتماد اور مؤثر شراکت داری پر مبنی ہیں، اور دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔برطانوی عہدیدار ایڈورڈ لیولین نے خطے میں قیامِ امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی کوششوں کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے، جو اس کی مؤثر سفارتکاری کا مظہر ہے۔