پاکستان ‘ برطانیہ کا دہشتگردی، منشیات سمگلنگ،سائبر کرائم کیخلاف تعاون پر اتفاق

برطانوی وزیر مملکت  سکیورٹی ڈین جاروس  کی  محسن نقوی اور  طلال چودھری سے  ملاقات،دوطرفہ  سکیورٹی تعاون کے مختلف پہلوئوں کا جائزہ  لیا گیا 
آسلام آباد(آئی این پی )پاکستان اور برطانیہ نے انسدادِ دہشت گردی، انسدادِ منشیات، سائبر کرائم، غیر قانونی امیگریشن، نادرا، کوسٹ گارڈز اور تربیتی پروگراموں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق برطانوی وزیر مملکت برائے سکیورٹی ڈین جاروس نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اس موقع پر وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوئے، جن میں دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی تعاون کے مختلف پہلوئوں کا جائزہ لیا گیا۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران برطانوی وزیر مملکت نے غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لئے  ایف آئی اے کی کارکردگی کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں اور کوششوں کا اعتراف کیا۔ ڈین جاروس نے کہا کہ سائبر کرائم ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے اور اس کی موثر روک تھام کے لیے تمام ممالک کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مختلف شعبوں میں پہلے سے بہترین تعاون موجود ہے، جسے مزید وسعت دینا چاہتے ہیں۔  وزارتِ داخلہ کے مطابق دونوں فریقین نے انسدادِ منشیات کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت کو جلد حتمی شکل دینے کا فیصلہ کیا۔ اس یادداشت کے ذریعے برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی(این سی اے) اور پاکستان کی اینٹی نارکوٹکس فورس  (اے این ایف ) کے درمیان تعاون کو مکمل طور پر فعال بنایا جائے گا۔