پاکستان دفاع کیلئے جدید ٹیکنالوجی استعمال کرے گا شہبازشریف
جو ٹیکنالوجی کبھی خواب تھی، آج حقیقت بن چکی ہے ‘ مشینیں خود فیصلے کرنے اور عملدرآمد کی صلاحیت رکھتی ہیں، پاکستان نے ڈرونز کی 60 فیصد سے زائد مقامی تیاری حاصل کر لی ‘ جدید ٹیکنالوجی میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں
فیلڈ مارشل کی قیادت میں مسلح افواج نے جدید ٹیکنالوجی کو موثر انداز میں اپنایا اور معرکہ حق کے دوران آٹونومس سسٹمز اور سائبر سکیورٹی کے ذریعے سرحدوں کا کامیاب دفاع کیا:وزیراعظم کا انڈس روبوٹکس اینڈ آٹونومس سسٹمز ایکسپو 2026 سے خطاب
اسلام آباد(آئی این پی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے پاکستان جدید ٹیکنالوجی میں صفِ اول کی قوم بننے کی جانب گامزن ہے، انڈس روبوٹکس اینڈ آٹونومس سسٹمز ایکسپو 2026 پاکستان کو 21ویں صدی کی جدید ٹیکنالوجی میں صفِ اول کا ملک بنانے کی جانب اہم قدم ہے۔انڈس روبوٹکس اینڈ آٹونومس سسٹمز ایکسپو 2026 سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا روبوٹکس، مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور ڈرون ٹیکنالوجی معیشت کو مضبوط، قومی سلامتی کو مثر اور عوام کی زندگی کو مزید آسان بنائیں گے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اس سال انڈس اے آئی سمٹ کی میزبانی بھی کی جو جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے حکومتی عزم کا مظہر ہے۔انہوں نے کہا جو ٹیکنالوجی کبھی خواب تھی، آج حقیقت بن چکی ہے اور مشینیں خود فیصلے کرنے اور ان پر عملدرآمد کی صلاحیت رکھتی ہیں، پاکستان نے ڈرونز کی 60 فیصد سے زائد مقامی تیاری حاصل کر لی ہے جبکہ جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج نے جدید ٹیکنالوجی کو مثر انداز میں اپنایا اور معرکہ حق کے دوران آٹونومس سسٹمز اور سائبر سکیورٹی کے ذریعے سرحدوں کا کامیاب دفاع کیا۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری کے دفاع کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال جاری رکھے گا، دفاعی شعبے میں آٹونومس صلاحیتوں کے فروغ کے لیے واضح قانون سازی اور جامع فریم ورک بھی تیار کیا جائے گا