پاکستان ‘ روس کے درمیان آئی ٹی، مصنوعی ذہانت ‘ جدید ٹیکنالوجی میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد (آن لائن)  پاکستان اور روس نے انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، سیمی کنڈکٹرز، کوانٹم کمپیوٹنگ اور سائبر سکیورٹی سمیت جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو عملی شکل دینے پر اتفاق کیا ہے۔ اس سلسلے میں مشترکہ ٹیکنالوجی مصنوعات کی تیاری، سرمایہ کاری، کاروباری شراکت داری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے اہم پیشرفت ہوئی ہے، جبکہ مشترکہ منصوبوں کے آغاز کے لیے 90 روزہ روڈ میپ تیار کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی ہے۔پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ (پی ایس ای بی) اور ماسکو کی یونیورسٹی آف ورلڈ سویلائزیشنز کے اشتراک سے پاک روس آئی ٹی تعاون کے موضوع پر اعلیٰ سطح کا ویبینار منعقد ہوا، جس کی صدارت وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کی‘ احسن اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستانی نوجوان ٹیلنٹ اور روس کی سائنس و انجینئرنگ میں مہارت ایک دوسرے کی تکمیل کرتے ہیں، پاکستان اپنے نوجوان سائنسدانوں میں روسی زبان سیکھنے کے رجحان کو بھی فروغ دے رہا ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان علمی اور تکنیکی روابط مزید مضبوط ہوسکیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہدف 2030 تک 10 لاکھ مصنوعی ذہانت کے ماہرین تیار کرنا اور سات نئے اے آئی مراکز قائم کرنا ہے۔ اڑان پاکستان پروگرام میں ای پاکستان معاشی تبدیلی کا ایک اہم ستون ہے، جبکہ ملک کو 2035 تک ایک ٹریلین ڈالر کی معیشت بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔