ٹیکس چوروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے شہباز شریف
ٹیکس چوروں کے معاون افسروں اور اہلکاروں کا کڑا احتساب کیا جائے‘ٹیکس چوری کی روک تھام کیلئے جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جائے:وزیر اعظم کی ٹیکس آمدن میں اضافے کیلئے جائزہ اجلاس میں گفتگو
ہم نے نہ صرف ملک کا بھرپور دفاع کیا بلکہ پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دی‘ افواج پاکستان کے بہادر افسروں و جوانوں نے وطن کی حفاظت کا اپنی قوم سے کیا ہوا عہد پورا کیا:وزیراعظم
اسلام آباد (آئی این پی )وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ٹیکس چوروں کے معاون افسروں اور اہلکاروں کا کڑا احتساب کرنے اور ٹیکس چوری کی روک تھام کیلئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ ملکی معیشت مستحکم اور ترقی کی جانب گامزن ہے ، سب کو اپنی ذمہ داری کو نبھانا ہوگا،ٹیکس نیٹ میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، ٹیکس کی شرح کم کرکے عام آدمی پر بوجھ کم کرنا چاہتے ہیں ۔ منگل کو وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت ایف بی آر کی ٹیکس کے دائرہ کار بڑھانے اور ٹیکس آمدن میں اضافے پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اس موقع پر وزیرِ اعظم نے رواں مالی سال میں ایف بی آر کے آمدن کے اہداف کے حصول کی جانب تیزی سے گامزن ہونے پر حکومتی معاشی ٹیم کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایسے افراد اور شعبے جو ٹیکس دینے کی استعداد رکھتے ہیں اور ٹیکس نہیں دیتے، انہیں ٹیکس نیٹ میں لایا جائے۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ ٹیکس چوری کرنے والے افراد و شعبوں کے خلاف بھرپور کارروائی عمل میں لائی جائے،ٹیکس چوروں کی معاونت کرنے والے افسران و اہلکاروں کا بھی کڑا احتساب کیا جائے،ٹیکس چوری کی روک تھام کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے۔وزیرِاعظم نے کہا کہ ٹیکس نیٹ میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، ٹیکس کی شرح کو کم کرکے عام آدمی پر بوجھ کو کم کرنا چاہتے ہیں۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ سیمنٹ اور دیگر شعبوں میں ڈیجیٹل مانیٹرنگ کو رواں برس جون تک مکمل کیا جائے،تمباکو کے شعبے میں ٹیکس آمدن کے حصول کیلئے صوبوں کے ساتھ مل کر اقدامات تیز کئے جائیں،ٹیکس سے متعلق زیر التوا مقدمات کی مثر انداز سے پیروی کرکے ملک و قوم کے پیسے کا حصول یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے ملکی معیشت مستحکم اور ترقی کی جانب گامزن ہے،ملکی ترقی کیلئے سب کو اپنی ذمہ داری کو نبھانا ہوگا‘دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے معرکہ حق کے شہدا کو خراج عقیدت جبکہ ملک کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کے اہل خانہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہم نے نہ صرف ملک کا بھرپور دفاع کیا بلکہ پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دی۔ان کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان کے بہادر افسران و جوانوں نے وطن کی حفاظت کا اپنی قوم سے کیا ہوا عہد پورا کیا، مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے شہدا اور ان کے اہل خانہ پر فخر ہے، اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی۔انہوں نے بھارتی جارحیت کے نتیجے میں 15 کم سن بچوں اور 7 خواتین سمیت 40 معصوم لوگوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ ہم شہدائے وطن کو نہ بھولے ہیں نہ بھولیں گے اور انکے اہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ شہباز شریف نے کہا کہ آپریشن بنیان المرصوص نے بھارت کو بھرپور جواب دیا اور دشمن کو واضح کر دیا کہ اسے خطے میں موجود دوسرے ممالک کی سالمیت اور خودمختاری کا احترام کرنا ہوگا، معرکہ حق میں افواج پاکستان نے بھارت کی عددی برتری کی خوش فہمی اور غرور کو خاک میں ملا دیا، ہم پر امن قوم ہیں، مگر کسی بھی جارحیت کا جواب دینا جانتے ہیں۔