طلبہ کا ماڈل ٹاؤن ہیڈکوارٹرز دورہ، پولیس ورکنگ پر بریفنگ

لاہور (کرائم رپورٹر) حکومت پنجاب کمیونٹی پالیسنگ پروگرام کے تحت یونیورسٹیز کے طلبہ نے ماڈل ٹاؤن ڈویڑن ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق ایس پی ماڈل ٹاؤن اخلاق اللہ تارڑ نے طلبہ کو ماڈل پولیس اسٹیشن گلبرگ کا تفصیلی دورہ کروایا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے ویڑن کے مطابق طلبہ کو پولیس سہولیات پر جامع بریفنگ دی گئی۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن نے وویمن سیفٹی ایپ، خدمت مراکز، اور پولیس ورکنگ پر لیکچر دیا۔ طلبہ کو تھانہ جات میں میسر عوامی سہولیات اور اقدامات بارے آگاہی دی گئی۔ طلبہ کو پولیس ایمرجنسی سروس 15 کے درست استعمال اور دستیاب سہولیات سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔ اپنی حفاظت کے لیے پولیس کی مختلف سہولیات پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ طلبہ نے پولیس ورکنگ، اہلکاروں کے رویے اور پولیس کے اقدامات کو سراہا اور خیرسگالی سفیر بن کر پولیس اور عوام کے درمیان ہم آہنگی کے فروغ کا عزم کیا۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن اخلاق اللہ تارڑ کے مطابق لاہور پولیس عوام کی جان و مال کی حفاظت کے ساتھ کمیونٹی پالیسی پر بھی عمل پیرا ہے۔