ناقص کارکردگی کے حامل متعدد محرران کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کے احکامات دیے
لاہور(کرائم رپورٹر) ایس پی ماڈل ٹاؤن شہربانو نقوی کی زیر صدارت ماڈل ٹاؤن ڈویڑن ہیڈکوارٹرز میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈویڑن کے تمام تھانوں کے محرران نے شرکت کی۔ اجلاس میں تھانوں میں تعینات نفری، دفتری امور اور مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ایس پی ماڈل ٹاؤن نے محرران کی رواں سال جاری کارکردگی پر بریفنگ لی اور ناقص کارکردگی کے حامل متعدد محرران کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کے احکامات دیے۔ ترجمان کے مطابق اچھی کارکردگی دکھانے والے محرران کو تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایس پی شہربانو نقوی نے ہدایت کی کہ زیر تفتیش مقدمات کے چالان بروقت مکمل کیے جائیں اور تفتیشی عمل میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے نیشنل ایکشن پلان پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی بھی تاکید کی۔ایس پی ماڈل ٹاؤن نے واضح کیا کہ شہریوں کی غیر قانونی حراست پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے جبکہ شہریوں کے ساتھ بدسلوکی، کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔