لاہور (کرائم رپورٹر) ایس پی سٹی کی سربراہی میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ راوی روڈ اور لاری اڈہ پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے دو منشیات فروش کو گرفتار کرکے ہزاروں مالیت کی آئس اور چرس برآمد کر لی۔ پولیس کے مطابق ملزمان کو دوران پیٹرولنگ خفیہ اطلاع پر مختلف مقامات سے گرفتار کیا گیا۔ راوی روڈ پولیس نے ریکارڈ یافتہ منشیات فروش کامران کے قبضہ سے 1200 گرام چرس اور 260 گرام آئس برآمد کی۔ لاری اڈہ پولیس نے کارروائی کے دوران ملزم آصف کو 1320 گرام چرس سمیت گرفتار کیا۔ ملزمان رہائشی ایریا میں پیدل چل پھر کر منشیات فروشی کرتے تھے۔ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید کارروائی شروع کر دی گئی۔ ایس پی سٹی بلال احمد نے راوی روڈ اور لاری اڈہ پولیس کی ٹیم کو شاباش دی۔ ایس پی سٹی بلال احمد کا کہنا ہے کہ انسداد منشیات فروشی کے حوالہ سے کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔