لاہور(کرائم رپورٹر)آج صبح لاہور کے اکثر علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی ،جس کی وجہ سے سڑکیں وگلیاں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ بارش سے بجلی کے فیڈر ٹرپ کر گئے جس کی وجہ سے بجلی کی سپلائی متاثر ہوئی۔ملک میں حالیہ مون سون بارشوں کے باعث تباہی اور نقصانات کا سلسلہ جاری ہے این ڈی ایم اے کے مطابق چوبیس گھنٹوں میں ملک بھر میں مختلف حادثات میں مزید 21 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوئے ہیں۔ مون سون بارشوں کے باعث دریائے چناب میں پانی کی سطح بلند ہونے لگی جس کے باعث سیلابی صورتحال کا خدشہ پیدا ہوگیا۔دریائے چناب میں ہیڈ قادر آباد کے مقام پر پانی کی آمد 46 ہزار 507 اور اخراج 31 ہزار 507 کیوسک ریکارڈ کیا گیا، دریا کے کناروں پر آباد مکینوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی گئی۔دریائے سندھ میں جناح بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب آگیا، جناح بیراج پر پانی کی آمد 3 لاکھ 31 ہزار 659 اور اخراج 3 لاکھ 23 ہزار 710 کیوسک ریکارڈ کیا گیا، تربیلا، کالا باغ، چشمہ اور تونسہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب آگیا۔دریائے چناب میں ہیڈ خانکی کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب آگیا، لیہ کے مقام پر بھی نچلے درجے کا سیلاب آگیا، ضلع لیہ کی 20 یونین کونسلز سیلابی ریلے سے متاثر ہوئیں، متعدد آبادیاں، ہزاروں ایکڑ پر کاشت فصلیں اور رابطہ سڑکیں زیر آب آگئیں۔