اسلام آباد اور خیبرپختونخوا میں موسلا دھار بارش، ژالہ باری،گاڑیاں بہہ گئیں

وفاقی دارالحکومت میں بارش کے باعث ریڈ زون، پارلیمنٹ ہائوس کے اطراف سڑکوں پر پانی کھڑا ہو گیا،  ٹریفک کی روانی  متاثر 
خیبرپختونخوا میں بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی، مختلف شہروں میں20اپریل تک بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے:محکمہ موسمیات

اسلام آباد‘پشاور (آئی این پی‘یو این پی) اسلام آباد میں موسلا دھار بارش اور شدید ژالہ باری ہوئی جس کے نتیجے میں سڑک کے کنارے پر کھڑی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ رپورٹ کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں موسلا دھار بارش ہوئی،  کچھ علاقوں میں شدید ژالہ باری بھی ہوئی۔ژالہ باری کے نتیجے میں سڑک کے کنارے پر کھڑی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے،  اسلام آباد کے مختلف علاقو ں میں پانی کھڑا ہو گیا۔رپورٹ کے مطابق اسلام آباد  کے پوش سیکٹرز کی سڑکوں پر بھی پانی جمع ہوگیا، ریڈ زون، پارلیمنٹ ہائوس کے اطراف سڑکوں پر بھی پانی کھڑا ہو گیا، بارش کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوگئی۔خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں گرج، چمک کے ساتھ موسلار دھار بارش سے ندی، نالوں میں طغیانی آگئی۔خیبر میں لنڈی کوتل اور گردونواح میں آندھی اور ژالہ باری کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی، تیز بارش کے باعث موسم انتہائی خوشگوارہوگیا، گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔خیبر میں بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی،  پاک افغان شاہراہ پر بھی جگہ جگہ سیلابی ریلے بہنے لگے۔خیبر میں بارش کا پانی لنڈی کوتل بازار میں ویٹز گاڑی بہاکر لے گیا۔اس کے علاوہ دیرلویربھی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا، بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوش گوار ہوگیا۔بارش کے بعد لوئر  دیرمیں تیز بارش سے ندی نالیوں میں طغیانی آگئی، دریا پنجکوڑہ میں پانی کی سطح بلند ہوگئی جب کہ بارش  سے بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا اور کئی فیڈر ٹرپ کرگئے۔اس کے علاوہ تخت بھائی میں بھی کالی گھٹا چھا جانے سے دن کے وقت  شام کا سماں ہوگیا جب کہ موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔محکمہ مو سمیات کے مطابق  20 اپریل  تک   اسلام آباد ، پنجاب ،مری، گلیات خیبر پختونخوا ،گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش   کا امکان ہے  جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری بھی متوقع ہے۔