لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما حماد اظہر، جو 9 مئی کے کیسز کے باعث طویل عرصے سے مفرور تھے، اپنے والد میاں محمد اظہر کی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے اچانک اپنی رہائشگاہ پہنچ گئے۔
حماد اظہر کی واپسی اس وقت ہوئی جب لاہور میں ان کے والد، سابق گورنر پنجاب اور سینئر سیاستدان میاں اظہر کی نماز جنازہ قذافی اسٹیڈیم کے باہر ادا کی جانے والی تھی۔ اس موقع پر متعدد سیاسی و سماجی شخصیات میاں اظہر کی رہائش گاہ پر موجود تھیں۔نماز جنازہ میں شرکت کے لیے پہنچنے والوں میں سابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب، رکن صوبائی اسمبلی حافظ فرحت عباس، فرخ جاوید مون، فردوس شمیم نقوی، شوکت بسرا، مہر واجد، اور ابوزر سلمان نیازی شامل تھے۔میاں اظہر کی وفات پر صدر مسلم لیگ ن محمد نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میاں اظہر مرحوم کا ان کے والد میاں شریف مرحوم کے ساتھ دیرینہ تعلق تھا۔ دونوں رہنماؤں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا کرے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔یاد رہے کہ حماد اظہر 9 مئی کے واقعات کے بعد سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے اور ان کی اچانک موجودگی سیاسی و قانونی حلقوں میں بحث کا باعث بنی ہوئی ہے۔