وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی فرنٹیئر کور ساوتھ کے ہیڈ کوارٹر پہنچے اور آئی جی ایف سی ساوتھ میجر جنرل بلال سرفراز خان کے ہمراہ ضلع کیچ میں شہید کیپٹن وقار احمد اور 4 دیگر جوانوں کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔
وزیر داخلہ نے شہداء کیپٹن وقار احمد، نائیک عصمت اللہ، لانس نائیک جنید احمد، خان محمد اور سپاہی محمد ظہور کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی بلندی درجات کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر محسن نقوی اور میجر جنرل بلال سرفراز خان نے شہداء کے جسد خاکی کو کندھا بھی دیا۔محسن نقوی نے کہا کہ شہداء نے فرض کی راہ میں قیمتی جانیں نچھاور کر کے اعلیٰ مثال قائم کی ہے اور قوم کبھی بھی ان کی قربانیوں کا قرض ادا نہیں کر سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہداء کی عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ہم ان کے خاندانوں کے ساتھ ہمیشہ کھڑے رہیں گے۔
میجر جنرل بلال سرفراز خان نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف ہماری غیر متزلزل عزم کا ثبوت ہیں۔ نماز جنازہ میں اعلیٰ عسکری و سول حکام نے بھی شرکت کی۔