سینئر سیاستدان اور سابق گورنر پنجاب میاں محمد اظہر کی نمازِ جنازہ قذافی اسٹیڈیم لاہور کے باہر ادا کر دی گئی۔ نمازِ جنازہ جامعہ اشرفیہ کے شیخ الحدیث پروفیسر مولانا محمد یوسف نے پڑھائی، جس میں ان کے صاحبزادے میاں حماد اظہر، میاں عامر محمود سمیت ملک کی معروف سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات کے علاوہ عزیز و اقارب کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اہم شخصیات کا اظہار تعزیت:
صدر مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف نے میاں اظہر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کی۔نواز شریف نے کہا کہ مرحوم کے والد کا ان کے والد میاں محمد شریف مرحوم سے دیرینہ تعلق تھا۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے مرحوم کے گھر جا کر اہل خانہ سے تعزیت کی۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیر دفاع خواجہ آصف اور گورنر پنجاب نے بھی اظہار افسوس کیا اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
سیاسی کیریئر:
میاں محمد اظہر نے سیاست کا آغاز کارکن کی حیثیت سے کیا اور 1987ء سے 1991ء تک لاہور کے میئر رہے۔ بعد ازاں 1990ء سے 1992ء تک گورنر پنجاب کے منصب پر فائز رہے۔
انہوں نے عملی سیاست کا آغاز پاکستان مسلم لیگ (ن) سے کیا، لیکن نواز شریف کی جلاوطنی کے دوران پاکستان مسلم لیگ (ق) میں شامل ہو گئے۔مرحوم کی سیاسی بصیرت اور تدبر کو ملک بھر میں سراہا جاتا ہے۔ ان کے انتقال سے قومی سیاست ایک سینئر اور تجربہ کار رہنما سے محروم ہو گئی ہے۔اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور اہلِ خانہ کو صبر جمیل دے، آمین۔