اسلام آباد: برساتی نالے میں بہنے والے کرنل (ر) قاضی اسحاق کی لاش مل گئی، بیٹی کی تلاش چوتھے روز بھی جاری

اسلام آباد: برساتی نالے میں بہنے والے کرنل (ر) قاضی اسحاق کی لاش مل گئی، بیٹی کی تلاش چوتھے روز بھی جاری

اسلام آباد کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی فیز 5 میں گزشتہ منگل کے روز بارش کے دوران برساتی نالے میں بہہ جانے والے باپ بیٹی کے افسوسناک واقعے کے بعد ریٹائرڈ کرنل قاضی اسحاق کی لاش برآمد کر لی گئی ہے، تاہم ان کی بیٹی کی تلاش چوتھے روز بھی جاری ہے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق، سرچ آپریشن آج چوتھے دن بھی جاری ہے۔ گزشتہ رات اندھیرے کے باعث آپریشن عارضی طور پر روک دیا گیا تھا، جسے آج صبح دوبارہ شروع کر دیا گیا۔واقعہ اس وقت پیش آیا جب شدید بارش کے باعث کرنل (ر) قاضی اسحاق اپنی بیٹی کے ہمراہ گھر سے نکلے۔ راستے میں ان کی گاڑی خراب ہو گئی اور اسی دوران ایک تیز پانی کا ریلا آیا، جو گاڑی سمیت دونوں کو بہا لے گیا۔مقامی افراد کے مطابق، گاڑی میں موجود باپ بیٹی مدد کے لیے ہاتھ ہلا کر پکارنے کی کوشش کرتے رہے، مگر ریلا انہیں ساتھ بہا لے گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 نے فوری طور پر آپریشن شروع کیا، تاہم منگل کی صبح سے بدھ کی رات تک جاری رہنے والے ابتدائی ریسکیو آپریشن میں کوئی کامیابی حاصل نہ ہو سکی۔

جمعرات کی صبح دوبارہ آغاز کیے گئے آپریشن کے دوران سواں پل کے نیچے سے گاڑی کے کچھ حصے، بشمول دروازہ اور بونٹ، برآمد ہوئے۔ گاڑی کو نکالنے کے لیے مختلف مقامات پر کھدائی کی گئی۔بالآخر، ریسکیو اہلکاروں نے کرنل (ر) قاضی اسحاق کی لاش نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے سیکٹر 4 اور فیز 7 کو ملانے والے پل کے نیچے سے برآمد کی۔ ان کی بیٹی کی تلاش کے لیے ریسکیو ٹیموں کا سرچ آپریشن مسلسل جاری ہے۔واقعے نے نہ صرف متاثرہ خاندان بلکہ پورے علاقے کو سوگوار کر دیا ہے، جب کہ شہری انتظامیہ اور ریسکیو اداروں سے برساتی نالوں کی صفائی اور مؤثر اقدامات کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔