سیاسی جماعتیں اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کریں: فواد چودھری

 سیاسی جماعتوں اور اسٹیبلشمنٹ کی حیثیت کو مان کر آگے بڑھا جائے،مذاکرات میں مولانا اہم کردار ادا کر سکتے ہیں
لاہور(آئی این پی ) سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتیں اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کریں، یہ بات سمجھ نہیں آرہی کہ پی ٹی آئی قیادت کہے کہ ہم بانی عمران خان کی رہائی پر بات کرنے کو تیار نہیں ہیں۔ عدالت عالیہ میں کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فوادچودھری   نے کہا کہ مسلم لیگ( ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے سینیٹرز بنوانے کے لیے پختونخوا میں اتحاد کیا، امیر لوگوں کو سینیٹرز بنوانے کے لیے تمام جماعتیں تیار ہو جائیں، یہ بڑا جھول ہے، اس موقع کو استعمال کرکے تمام سیاسی ایشوز پر بات ہونی چاہیے۔فواد چودھری کا کہنا ہے کہ اس صورت حال کے بعد ہمارے پاس دو راستے ہیں، یا تو ہم تنقید کرتے رہیں یا پھر اس موقع کو سیڑھی کے طور پر استعمال کرکے آگے بڑھیں، میری نظر میں پی ٹی آئی،( ن) لیگ اور پی پی پی کو آگے بڑھنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی مقبولیت کو مان کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، سیاسی جماعتوں اور اسٹیبلشمنٹ کی حیثیت کو مان کر آگے بڑھا جائے، ان مذاکرات میں مولانا فضل الرحمن اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔