ایک جماعت مشکلات میں ہے وہ ڈائیلاگ ان سے کرنا چاہتے ہیں جو کر نہیں سکتے
کوئی بھی جماعت اکیلے ملکی مسائل کا حل نہیں دے پائے گی،سب کو بیٹھ کر مسائل کا حل نکالنا ہوگا
لاہور (خصوصی رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے ایک جماعت مشکلات میں ہے وہ ڈائیلاگ ان سے کرنا چاہتے جو کر نہیں سکتے، ہمیشہ سیاسی جماعتیں ہی سیاسی لوگوں سے مذاکرات کرتی ہیں۔وہ پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری عثمان ملک کے بھائی اور پیپلز پارٹی لاہور کے نائب صدر عزیز ملک کی رہائشگاہ پر پارٹی پرچم لہرانے کے بعد حسن مرتضی،عثمان ملک،فیصل میر،عابد صدیقی،علامہ یوسف اعوان اور دیگر کیساتھ پریس کانفرنس کر رہے تھے۔اس موقع پرنوید چودھری،عاصم محمود بھٹی،،شہیم صفدر،تنویر بٹ،راو خالد،چودھری سجاد نذیر بھی موجود تھے۔قمر زمان کائرہ نے کہا پرچم لہرائومہم علامتی مہم ہے اپنی سیاسی وابستگی ظاہر کرتی ہے،پنجاب کی ٹیم کو شاباش دوں گا اس مہم کو پنجاب کے تمام اضلاع میں متحرک کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں سیاست مشکل ہوگئی ہے لیکن مشکلات سے نکالنا سیاست کا ہی کام ہے،27دسمبر کو گڑھی خدا بخش میں تقریبات ہوں گی پارٹی چیئرمین اگلا لائحہ عمل سامنے رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان گرداب میں ہے،کچھ چیزیں بہتری کی طرف چل پڑی ہیں مگر خرابی اتنی بڑی ہے کہ اسکو سیدھا کرنا آسان کام نہیں تھا۔پی پی نے حکومت میں شامل ہوئے بغیر حکومت کا ساتھ دیا ہے تاکہ تقسیم اور نفرت کے معاملات کو روکا جائے۔قمر زماں کائرہ نے زور دیکر کہا کہ بلاول بھٹو نے مشکل وقت میں حکومت کو ریسکیو کیا ہے،تھوڑا تھوڑا کرکے اس ملک کو ٹھیک کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی انقلاب کا نعرہ لگا کرچلی تھی آج وہ بے سمت ہے۔انہوں نے ملک میں ایسا ہیجان پیدا کیا کہ ملک ایک قدم آگے بڑھتا ہے تو ایک قدم پیچھے بھی ہٹتا ہے۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم حکومت وقت سے کوئی نیا مطالبہ نہیں کررہے ہیں جب ہم کوئی گلہ شکوہ کرتے ہیں تو کہا جاتا ہے کہ ہم حکومت کا ساتھ چھوڑ رہے ہیں۔معاہدے کے مطابق کچھ نکات پر عمل ہوا ہے کچھ پر نہیں،ہم آج بھی مطالبہ کرتے ہیں معاہدے پر عمل ہو تاکہ تلخی کا ماحول کم ہو