خادم اور بخت علی جت نے والد کیساتھ مل کر سیاہ کاری کے الزام میں ماں کو گلا دبا کر بے دردی سے قتل کیا،دونوں گرفتار
نصیر آباد(آئی این پی ) بلوچستان کے علاقے نصیر آباد میں بیٹوں نے والد کے ساتھ مل کر غیرت کے نام پر ماں کو قتل کرڈالا۔تفصیل کے مطابق نصیرآباد سے ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا، جہاں غیرت کے نام پر ماں کو قتل کردیا گیا۔واقعہ تھانہ شہید نذیر احمد عمرانی منگولی کی حدود میں پیش آیا تاہم نصیرآباد کے تھانہ شہید نذیر احمد عمرانی منگولی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے قتل کرنے والے دو بیٹوں کو گرفتار کر لیا۔ملزمان خادم اور بخت علی جت نے اپنے والد کے ساتھ مل کر سیاہ کاری کے الزام میں اپنی ماں کو گلا دبا کر بے دردی سے قتل کیا۔ایس ڈی پی او محمد طیب اقبال اور ایس ایچ او محمد عمر اعوان کی زیر نگرانی ٹیم نے کامیاب چھاپہ مار کر دونوں ملزمان کو گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزمان سے ابتدائی تفتیش مکمل کر لی گئی ہے۔پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے، جبکہ دیگر مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔