یوسف رضا گیلانی کا حالیہ سیلابی صورتِ حال، کلائوڈ برسٹ اور شدید بارشوں سے جانی و مالی نقصان پر اظہارِ افسوس
غیر متوقع اور شدید موسمی واقعات کی شدت میں اضافے کے پیش نظر دیرپا حکمت عملی ناگزیر ہو چکی ،ڈپٹی چیئرمین
اسلام آباد (آئی این پی ) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ملک کے مختلف علاقوں خصوصا بابوسر ٹاپ، بوبسر، مظفرآباد، لوئر دیر، سوات اور دیگر اضلاع میں شدید بارشوں، کلائوڈ برسٹ اور سیلاب کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بابوسر ٹاپ پر کلائوڈ برسٹ کے باعث متعدد قیمتی جانوں کے ضائع پر دکھ وافسوس کا اظہار کیا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کے غم میں پوری قوم برابر کی شریک ہے، اور اس کٹھن وقت میں ہم سب کو یکجہتی، ہمدردی اور فوری عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔انہوں نے حکومتِ پاکستان، این ڈی ایم اے، صوبائی حکومتوں اور دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف کے موثر اقدامات کریں، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں کلائوڈ برسٹ یا لینڈ سلائیڈنگ جیسی ہنگامی صورتحال پیش آئی ہے۔دریں اثناء ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے بھی حالیہ شدید موسمی حالات اور سیلابی صورتحال کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بابوسر ٹاپ پر کلائوڈ برسٹ کا واقعہ انتہائی المناک اور دل دہلا دینے والا ہے۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اس کڑے وقت میں ان کے ساتھ کھڑی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں غیر متوقع اور شدید موسمی واقعات کی شدت اور تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کے لیے ایک قومی سطح کی جامع اور دیرپا حکمت عملی ناگزیر ہو چکی ہے۔ ہمیں نہ صرف قدرتی آفات سے نمٹنے کی استعداد کار کو بڑھانا ہوگا بل کہ مستقبل میں ایسے واقعات سے انسانی جانوں اور معیشت کے نقصانات کو کم سے کم کرنے کے لیے جامع پلاننگ کرنا ہو گی۔