پاکستان پرامن بقائے باہمی اور علاقائی تعاون کے اصولوں پر مکمل یقین رکھتا ہے،خطے کے امن کیلئے اشتعال انگیزیوں کے باوجود تحمل اور مذاکرات کو ترجیح دی
روس کیساتھ تعلقات مستحکم ہو رہے ہیں ، یوسف رضا گیلانی کی روسی فیڈریشن کی فیڈریشن کونسل کی چیئرپرسن ویلنٹینا ماٹویینکو سے ملاقات میں گفتگو
اسلام آباد/ماسکو(آئی این پی ) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان پرامن بقائے باہمی اور علاقائی تعاون کے اصولوں پر مکمل یقین رکھتا ہے، خطے کے امن کی بقاء کے لئے پاکستان نے اشتعال انگیزیوں کے باوجود تحمل اور مذاکرات کو ترجیح دی ،جنگ کے بجائے مکالمے کے ذریعے مسائل کا حل وقت کی ضرورت ہے،پاکستان اور روس کے تعلقات وقت کے ساتھ مستحکم ہو رہے ہیں ۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلا نی کی روسی فیڈریشن کی فیڈریشن کونسل کی چیئرپرسن ویلنٹینا ماٹویینکو سے اہم ملاقات ہوئی ۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی سفارتکاری، امن، تجارت، معیشت اور سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔چیئرمین سینیٹ نے روسی قیادت کی شاندار مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان اور روس کے تعلقات مثبت سمت میں گامزن ہیں جو نہ صرف باہمی خوشحالی بل کہ ایک محفوظ اور مستحکم خطے کے لیے بھی بہت ضروری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ایسے اعلیٰ سطحی تبادلے پارلیمانی سفارت کاری کو تقویت دینے میں معاون ثابت ہوتے ہیں اور باہمی سمجھوتوں اور تعاون کی بنیاد کو مضبوط کرتے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے روسی فیڈریشن کی چیئرپرسن اور روسی قیادت کو یوم فتح کی 80ویں سالگرہ پر مبارکباد بھی پیش کی۔ملاقات کے دوران دونوں رہنمائوں نے پارلیمانی تبادلوں، علاقائی سلامتی، توانائی کے شعبے میں تعاون، اور عوامی روابط کے فروغ سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پرویلنٹینا ماٹویینکونے کہا سید یوسف رضا گیلانی کے دور وزارتِ عظمیٰ میں دوطرفہ تعلقات مضبوط ہوئے اور اب ان کی چیئرمین شپ میں یہ نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں۔انہوں نے دونوں پارلیمانی اداروں کے مابین باہمی مفاہمتی یادداشت کے تحت تعاون کو مزید فروغ دینے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی سفارت کاری کی اسٹریٹجک اہمیت پر زور دیا گیا۔