پی ٹی آئی کی حکومت نے مری کے جنگلات سے لکڑیاں کاٹ کر اسے کنکریٹ کا شہر بنا دیا، بہت جلد مری سے پنڈی کے درمیان ٹرین چلائیں گے
جلد گرین بسیں بھی مری پہنچ جائیں گی: وزیراعلی پنجاب کا مری میں پہلے نواز شریف کارڈیالوجی سنٹر کے افتتاح پر تقریب سے خطاب
مری(آئی این پی )وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے سیاست مشکل سفر اور کٹھن راستوں کا نام ہے، سیاست خدمت کا دوسرا نام ہے،پی ٹی آئی کی حکومت نے 4 سال کے دوران مری کے جنگلات سے لکڑیاں کاٹ کر اسے کنکریٹ کا شہر بنا دیا، بہت جلد مری سے پنڈی کے درمیان ٹرین چلائیں گے جس سے عوام کو سہولت حاصل ہوگی جبکہ جلد گرین بسیں بھی مری پہنچ جائیں گی۔وزیراعلی پنجاب نے مری میں پہلے نواز شریف کارڈیالوجی سنٹر کا افتتاح کر دیا، ساملی سنٹوریم ہسپتال مری میں نواز شریف کارڈیک سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ لاہور کے بعد مری ہمارا دوسرا گھر ہے، مری کے ساتھ رشتہ لفظوں میں بیان نہیں کر سکتی۔انہوں نے کہا کہ مری سمیت اطراف کے علاقوں میں دل کے علاج کیلئے کوئی سہولت موجود نہیں تھی، دل کی تکلیف ہو جائے تو مریض کے پاس زیادہ وقت نہیں ہوتا، مری سے پنڈی پہنچتے پہنچتے مریض بھی دم توڑ دیتا ہے، اس لئے میں نے سوچا کہ یہاں دل کا ہسپتال ہونا چاہیے اور چند ماہ کے اندر اندر کارڈیک سینٹر نے کام شروع کر دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ 1930 کے بعد پہلی مرتبہ ساملی سنٹوریم ہسپتال کی اپ گریڈیشن کی گئی، اب مری کے عوام کو دل کے علاج کے لئے باہر نہیں جانا پڑے گا، ہم نے صرف اعلانات نہیں عملی اقدامات بھی کئے ہیں۔مریم نواز نے کہا کہ مری میں پانی کا مسئلہ حل کرنے کے لئے بہت بڑا پراجیکٹ لا رہے ہیں‘دریں اثناء رگ افراد کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وزیراعلی نے کہا ہے بزرگ افراد ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور ان کی عزت و احترام کرنا فرض ہے، حکومت بزرگ شہریوں کی عزت، فلاح اور راحت کیلئے اقدامات کر رہی ہے‘ بزرگ ہمارے ماضی کا عکس، حال کی روشنی اور مستقبل کیلئے ایک سبق ہیں، بزرگ وہ چراغ ہیں جن کی روشنی میں نسلیں پروان چڑھتی ہیں، بزرگوں نے اپنی جوانی کی توانائیاں، تجربات اور قربانیاں دے کر ہمارے آج کو ممکن بنایا ہے