سکیورٹی اداروں کو مزید مستحکم بنانے اور ان کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ د یا جائے، آئی جی بلوچستان سے ملاقات میں گفتگو
کوئٹہ(آئی این پی )ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور پولیس اہلکاروں نے عوام کے تحفظ اور امن کے قیام کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے مثالی قربانیاں دی ہیں، جو تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سے آئی جی بلوچستان نے کوئٹہ میں ملاقات کی۔ ملاقات میں بلوچستان کی مجموعی صورتحال، امن و امان کے حالات اور صوبے میں عوام کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران بلوچستان میں سکیورٹی کی صورتحال اور لاء اینڈ آرڈر کی بحالی کے حوالے سے درپیش چیلنجز اور ان کے حل پر بھی غور کیا گیا۔ڈپٹی چیئرمین سیدال خان نے بلوچستان میں امن و امان کی بحالی کے لیے سکیورٹی فورسز کی انتھک محنت اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور پولیس اہلکاروں نے عوام کے تحفظ اور امن کے قیام کے لیے اپنے جانوں کا نذرانہ پیش کرکے مثالی قربانیاں دی ہیں، جو تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی، بلوچستان میں امن و استحکام کے لیے سکیورٹی فورسز کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ بلوچستان کی لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال پر موثر حکمت عملی کی ضرورت ہے۔