وزیراعظم کا غزہ اجلاس میں شرکت کافیصلہ ٹرمپ سے ملاقات کرینگے
وزیراعظم 18 فروری کو واشنگٹن روانہ ہوں گے‘ 19 فروری کو غزہ پیس بورڈ اجلاس میں شرکت کریں گے‘ ڈونلڈ ٹرمپ کے عشائیہ میں شریک ہوں گے‘ٹرمپ سے اہم ملاقات میں عسکری قیادت کی شرکت کا بھی امکان ہے
وزیراعظم نے ملک کے پہلے ڈیجیٹل بینک رقمی کو لائسنس جاری کردیا ‘ لائسنس کا اجرا ء پاکستان اور کویت تعلقات میں اہم موڑ ہے،
دونوں ممالک تعلقات کو سرمایہ کاری، تجارت اور معاشی تعاون میں تبدیل کر رہے ہیں:تقریب سے خطاب
اسلام آباد(آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ پیس بورڈ اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کر لیا ہے، وہ امریکی صدر کے عشائیہ میں بھی شریک ہوں گے،وزیراعظم شہباز شریف 18 سے 21 فروری تک واشنگٹن میں موجود ہوں گے۔ باخبر ذرائع کے مطابق وزیراعظم 18 فروری کو واشنگٹن روانہ ہونگے، وزیراعظم 19 فروری کو غزہ پیس بورڈ اجلاس میں شرکت کریں گے۔وزیراعظم شہباز، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے عشائیہ میں شریک ہوں گے۔ 20 فروری کو وزیراعظم شہباز اور صدر ٹرمپ کی ملاقات متوقع ہے جبکہ اہم ملاقات میں عسکری قیادت کی شرکت بھی متوقع ہے۔ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ ہمراہ ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف 18 سے 21 فروری تک واشنگٹن میں موجود ہوں گے۔ اس دوران عالمی رہنماؤں سے سائیڈ لائن ملاقاتیں متوقع ہیں۔دریں اثناء وزیراعظم شہبازشریف نے ملک کے پہلے ڈیجیٹل بینک رقمی کو لائسنس جاری کردیا ۔وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ پاکستان کے پہلے ڈیجیٹل بینک رقمی کو لائسنس کا اجرا پاکستان اور کویت تعلقات میں اہم موڑ ہے، سیاسی تعلقات کو معاشی تعاون میں تبدیل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں رقمی اسلامک بینک کو ڈیجیٹل لائسنس دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کویت کے تعلقات کئی دہائیوں پر مشتمل ہیں،کویت کا سیاسی تعلقات کو معاشی تعاون میں تبدیل کرنا بہت اہم ہے۔ شہبازشریف نے کہا کہ کویتی قیادت کے ساتھ اقتصادی شراکت بڑھانے کیلئے پرعزم ہیں،دونوں ممالک اپنے تعلقات کو سرمایہ کاری، تجارت اور معاشی تعاون میں تبدیل کر رہے ہیں، ترقی و خوشحالی کے مشترکہ اہداف کو ملکر عملی شکل دیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے تعلقات کو سرمایہ کاری، تجارت اور معاشی تعاون میں ڈھالنا ہوگا تاکہ باہمی فائدے کو یقینی بنایا جا سکے۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ اقتصادی شراکت داری کے فروغ کے لیے کویتی قیادت کے ساتھ مل کر آگے بڑھنے کے لیے پرعزم ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ ترقی و خوشحالی کے مشترکہ اہداف کو عملی شکل دینے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔